کلرکہار: پنجاب کے ضلع چکوال کے علاقے کلر کہار موٹروے پر باراتیوں کی بس کو حادثہ پیش آیا جس میں 6 خواتین سمیت 12 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ مزید اموات کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کلرکہار موٹروے سالٹ رینجر میں اسلام آباد سے لاہور واپس جانے والی باراتیوں کی بس ٹائر پھٹنے کے بعد کئی گاڑیوں سے ٹکرائی اور الٹ گئی۔
بس میں ایک ہی خاندان کے 86 لوگ سوار تھے، جن میں سے کسی کو بھی باہر نکلنے کا وقت نہ مل سکا اور نہ ہی تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور گاڑی کو قابو کرسکا۔
حادثے کے بعد ریسکیو 1122 کے رضاکار جائے وقوعہ پہنچے، لاشوں اور 63 زخمیوں کو نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا۔
ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جنہیں کلرکہار کے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا۔
حادثے میں اب تک 12 افراد جاں بحق جبکہ 34 زخمی ہوئے جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔ مرنے والوں میں 6 خواتین بھی شامل ہیں۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ ٹائر پھٹنے کے بعد بس بے قابو ہوکر گاڑی سے ٹکرائی اور حفاظتی دیوار توڑتی ہوئی دوسرے روڈ پر آئی، بے قابو مسافر بس نے مخالف سمت سے آنے والی کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا اور پھر گہرائی میں جاگری۔
موٹروے پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ حادثہ میں متعدد کی افراد کی حالت تشویشناک ہے، تین افراد تاحال بس میں پھنسے ہوئے ہیں جنہیں بس کاٹ کر نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بریک فیل ہونے سے بس الٹ گئی تھی جس کے باعث مخالف سمت سے آنے والی دو کاریں اور ایک سوزوکی پک اپ بھی زد میں آگئی۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق اندھیرا ہونے کے باعث امدادی سرگرمیوں میں دشواری کا سامنا ہے تاہم ریسکیو 1122 اور موٹروے کے رضاکار امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔