پشاور:خیبرپختونخوا کے نگران وزیراعلیٰ محمد اعظم خان کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں بریفنگ دی گئی کہ موجودہ صورتحال میں پولیس کی دستیاب افرادی قوت عام انتخابات کی سکیورٹی کیلئے ناکافی ہے۔
نگران وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس، سیکرٹری داخلہ اور پولیس کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں عام انتخابات کے تناظر میں صوبے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور متعلقہ حکام کی جانب سے نگران وزیراعلیٰ کو سکیورٹی کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ پہلی دفعہ صوبے کے ضم اضلاع اور بندوبستی اضلاع میں عام انتخابات بیک وقت منعقد ہوں گے، موجودہ صورتحال میں پولیس کی دستیاب افرادی قوت عام انتخابات کی سکیورٹی کیلئے ناکافی ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبائی حکومت کو ضم اضلاع اور بندوبستی اضلاع میں بیک وقت انتخابات کی سیکیورٹی کے لیے 56 ہزار سے زائد اضافی نفری درکار ہے اور انتخابی مہم کے دوران اہم سیاسی قائدین کی سکیورٹی کیلئے فرنٹئیر کور کی 1500 نفری درکار ہے۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ اگرسکیورٹی کی درکار اضافی نفری فراہم کی جائے تو صوبائی حکومت عام انتخابات کے لیے سکیورٹی فراہم کرنے کے قابل ہوجائے گی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا متعلقہ حکام کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ اور سفارشات کی روشنی میں گورنر خیبر کو صورتحال سے تحریری طور پر آگاہ کریں گے۔
واضح رہے کہ (20 فروری) کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں 9 اپریل کو انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا تھا۔