گورنر خیبرپختونخوا کا کراچی کا دورہ، وزیراعلیٰ سند ھ سے ملاقات 

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے گزشتہ روز کراچی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات کی کاسی چیمبر کا دورہ کیا اور فیڈریشن کے سابق صدر، صنعتکاروں سے ملاقاتوں سمیت ایک مصروف دن گزارا۔

 گورنر کے دورہ کراچی میں نگران صوبائی وزرا عدنان جلیل اور فضل الہی بھی انکے ہمراہ تھے.گورنر حاجی غلام علی نے کراچی میں وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کی اور کراچی پولیس آفس میں حالیہ دہشتگردی کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے اپنی اور خیبرپختونخوا کے عوام کیجانب سے دہشتگردی کے واقعہ میں شہادتوں پر تعزیت کی۔

. گورنر نے وزیراعلیٰ سندھ کا پولیس لائینز پشاور سانحہ کے شہدا کے لواحقین سے اظہار ہمدردی اور زخمیوں کی خیریت دریافت کرنے کیلئے فوری پشاور تشریف لانے اور شہدا کیلئے 10 لاکھ، زخمیوں کیلئے 5 لاکھ مالی امداد پر بھی انکا سندھ حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ 

ملاقات میں دونوں صوبوں کے درمیان تعلیمی، تجارتی شعبوں میں ایکدوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

. اس موقع پر گورنر کا کہنا تھا کہ چاروں صوبے، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر نے پولیس لائینز سانحہ پشاور پر عوام کے دکھ درد باٹنے کیلئے یکجہتی کی نئی روایت قائم کر دی جو اس بات کی عکاس ہے ملک بھر کے عوام ایکدوسرے کی خوشی و غم میں برابر کے شریک ہیں۔

 وزیراعلیٰ مراد علی شاہ گورنرکے جذبہ خیر سگالی کو بھی سراہا۔ وزیر اعلی سندھ نے گورنر خیبرپختونخوا کو سندھ کی روائتی، ثقافتی سندھی اجرک، ٹوپی اور قالین کا تحفہ بھی پیش کیا۔

 علاوہ ازیں گورنر حاجی غلام علی نے کاسی چیمبرز کے نائب صدر خرم سعید کی جانب سے عصرانے میں شرکت کی جہاں انہوں نے کراچی کے صنعت کاروں اور بزنس کمیونٹی اور فیڈریشن کے ممبران سے ملاقات کی گورنر نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر کے سابقہ سابق صدر ذاکر عثمان، کی جانب سے منعقدہونے والے پروقار تقریب میں شرکت کی۔