بھارت میں جی 20 سربراہی اجلاس کے پیشِ نظر ریاست اتر پردیش میں شہریوں کے کھلے عام تھوکنے پر پابندی عائد کر دی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تھوکنے پر پابندی کا فیصلہ لکھنؤ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے لیا گیا ہے اور اس کی خلاف ورزی پر 250 روپے بطور جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔
میونسپل کارپوریشن نے آج (23 فروری) سے یکم مارچ تک شہر میں آگاہی مہم شروع کر دی جس کے مطابق کھلے عام تھوکنے اور رفع حاجت پر مکمل پابندی ہوگی۔
کمشنر اندرجیت سنگھ کا اس متعلق بتانا ہے کہ مہم کا مقصد جی 20 سربراہی اجلاس سے قبل شہر میں خوبصورتی کے کام کو برقرار رکھنا ہے، اس پر عمل درآمد کیلیے پولیس، این جی اوز اور مقامی لوگوں کی مدد درکار ہوگی۔
لکھنؤ میونسپل کارپوریشن کے اس فیصلے پر سوشل میڈیا صارفین کافی میمز بنا رہے ہیں۔