’جوائے لینڈ‘ کا ایک اور عالمی ایوارڈ

عالمی سطح پر خوب پذیرائی سمیٹنے والی ایوارڈ یافتہ پاکستانی فلم ’جوائے لینڈ‘ نے عالمی سطح پر ایک اور ایوارڈ اپنے نام کرلیا، فلم نے انڈیپنڈنٹ اسپرٹ ایوارڈز 2023 میں ’بہترین بین الاقوامی فلم‘ کا ایوارڈ جیت لیا۔ گزشتہ روز انڈیپنڈنٹ اسپرٹ ایوارڈز 2023 کی تقریب ہوئی جس میں دنیا بھر سے فلم سازوں اور ہدایت کاروں سمیت معروف اداکاروں نے شرکت کی۔

پاکستانی فلم کا مقابلہ دیگر چار فلموں سے تھا، جن میں آسٹریلوی فلم ساز میری کریوٹزر کی فلم کورسیج، مارٹیکا رامیرز ایسکوبار کی فلم لیونر ول نیور ڈائی (Leonor Will Never Die) ،کمبوڈیا اور فرانسیسی فلم ساز ڈیوی چو کی فلم ریٹرن ٹو سیول (Return to Seoul) اور فرانسیسی فلم ساز ایلس ڈیوپ کی فلم سینٹ عمر (Saint-Omer) شامل ہیں۔

صائم صادق کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم جوائے لینڈ کی کہانی میں پاکستان میں ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے مسائل کو اجاگر کیا گیا ہے، ملکی تاریخ میں پہلی بار اس فلم میں ایک ٹرانس ویمن نے مرکزی کردار ادا کیا تھا جسے عالمی سطح پر خوب پزیرائی ملی۔

اس فلم میں لاہور کے محنت کش طبقے کے ایک شادی شدہ مرد اور ایک خواجہ سرا (ٹرانس جینڈر) کے درمیان بڑھتے ہوئے رشتے کو دکھایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ گزشتہ سال پاکستانی فلم ’جوائے لینڈ‘ نے دنیا کے سب سے بڑے فلمی میلے ’کانز‘ میں ایوارڈ اپنے نام کر کے تاریخ رقم کی تھی، جوائے لینڈ نے دو کیٹیگیریز میں ایوارڈز حاصل کیے جن میں ’جیوری پرائز ان دی ان سرٹن ریگارڈ‘ اور ’کانز قیور پالم‘ پرائز شامل ہیں۔ یہ پہلی پاکستانی فلم تھی جو کانز فلم فیسٹیول میں نامزد ہوئی اور کانز میں نامزد دیگر 13 فلموں کو پیچھے چھوڑنے میں کامیاب رہی۔