رمضان میں سستے آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی، گورنر خیبرپختونخوا 

پشاور:گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ ملک میں اس وقت معاشی مشکلات کے باعث عوام کو مہنگائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے تاہم وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوام کو ہر ممکن آسانیاں اور ریلیف فراہم کرنے کیلئے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہیں۔

 یہ بات انہوں نے گورنر ہاؤس پشاور میں سابق گورنر اقبال ظفرجھگڑا اور عوامی نیشنل پارٹی کی رہنما ثمر ہارون بلور اور دیگر عوامی نمائندوں سے الگ الگ ملاقات کے دوران کی۔

ملاقات میں ملکی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ سابق گورنر اقبال ظفر جھگڑا، ثمر ہارون بلور اور دیگر عوامی نمائندوں نے صوبہ کے عوام کو رمضان میں میں سستا آٹا اور بجلی و گیس کی بلاتعطل فراہمی کیلئے صوبائی حکومت کو سفارش کرنے کا بھی کہا جس پر گورنر نے کہا کہ صوبہ میں نگران وزیراعلی کی پوری کوشش ہے کہ وہ عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کریں۔

عوام کو سستا آٹے کی فراہمی سے متعلق صوبائی حکومت پوری طرح سے واقف ہے اور ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ عوام کو بالخصوص رمضان کے مہینے میں سستے آٹے کی فراہمی یقینی بنائے۔

 انہوں نے کہا کہ پوری کوشش ہو گی کی رمصان کے مہینے میں بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ نہ ہو بالخصوص سحری و افطاری کے اوقات میں بجلی و گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی۔

 گورنر نے کہا کہ ملکی موجودہ معاشی صورتحال میں ہم سب کو متحد ہو کر اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔