خیبرپختونخوا انتخابات، گورنر کو مشاورت کیلئے اسلام آباد آنے کی دعوت

 اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ کے حکم پر خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تاریخ کے معاملے پر گورنر کو دورے کی دعوت دے دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں عام اتنخابات کی تاریخ کے معاملے پر گورنر سے رابطہ کیا اور انہیں اسلام آباد کے دفتر آنے کی دعوت دی۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ ’آپ کی  الیکشن کمیشن آمد ہمارے لئے باعث عزت ہوگی، آپ یہاں آ جائیں تو بامعنی مشاورت ممکن ہو جائے گی‘۔

دوسری جانب سیکرٹری الیکشن کمیشن نے گورنر خیبرپختونخوا کو خط لکھ دیا جس میں ملاقات کیلیے تشکیل دی جانے والی کمیٹی سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے۔ خط میں بتایا گیا ہے کہ کمیٹی میں سیکرٹری الیکشن کمیشن، سپیشل سیکرٹری، ڈی جی قانون شامل ہیں۔

خط میں گورنر سے التماس کی گئی ہے کہ ’اگر ممکن ہے تو آپ الیکشن کمیشن تشریف لائیں، یہ ہمارے لیے قابل عزت ہوگا اور آپ کی آمد کی صورت میں چیف الیکشن کمشنر بامعنی مشاورت بھی کریں گے‘۔