خیبر پختونخوا میں خواتین کے خلاف جرائم میں 60فیصد اضافہ ہوا ہے، امریکی سفیر

 اسلام آباد:پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں خواتین کے خلاف جرائم میں 60فیصد اضافہ ہوا ہے۔

خواتین کانفرنس سے خطاب کے دوران ڈونلڈ بلوم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ خاتون کانفرنس کا انعقاد خوش آئند ہے، اس کانفرنس کا مقصد خواتین آفیسرز کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

امریکی سفیر نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی پولیس نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، پاکستان میں خواتین پولیسنگ کو بہتر بنانے کے لیے امریکا پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں خواتین کے خلاف جرائم میں 60فیصد اضافہ ہوا ہے، خواتین متاثرین کے لیے محفوظ ماحول بنانے کے لیے کونسلیں بنائی گئی ہیں، صوبے میں 100سے زائد خواتین افسران کو پولیس فورس میں شامل کیا گیا ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ خواتین پولیس افسران گھر اور باہر تشدد کا سامنا کرنے والی خواتین کو محفوظ ماحول فراہم کر سکتی ہیں، خواتین کو بغیر کسی امتیاز اور ہراساں کیے کام کرنے کے لیے بہتر ماحول فراہم کرنا ضروری ہے۔