پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی انتخابات کی تاریخ کے معاملے نے نیا موڑ لے لیا، معلوم ہوا ہے کہ گورنر خیبرپختونخوا کی جانب سے الیکشن کمیشن کو انتخابات کی باضابطہ تاریخ نہیں دی گئی اور تاریخ نہ ملنے پر الیکشن کمیشن نے بھی خاموشی اختیار کرلی۔
الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا اسمبلی انتخابات کی تاریخ کے لیے گورنر خیبرپختونخوا سے دو بار مشاورت کی اور آخری بار اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے بعد گورنر حاجی غلام علی نے 28 مئی کی تاریخ کا اعلان کیا تھا۔
اس حوالے سے الیکشن کمیشن ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ گورنر خیبرپختونخوا نے اسلام آباد میں ہونے والی آخری ملاقات میں الیکشن کمیشن کو 28 مئی کی باضابطہ تاریخ نہیں دی بلکہ ان سے اس تاریخ میں مزید مشاورت کا مانگا ہے اور الیکشن کمیشن سے کچھ معاملات پر تفصیلات بھی مانگی ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ الیکشن کی تاریخ کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس آج اسلام آباد میں ہورہا ہے جس میں خیبرپختونخوا میں الیکشن کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور ایک بار پھر تاریخ مانگنے کے لیے گورنر سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
اس حوالے سے الیکشن کمیشن کا موقف جاننے کے لیے سیکریٹری الیکشن کمیشن اور ترجمان الیکشن کمیشن سے بار بار رابطہ کیا گیا لیکن ان کا موقف سامنے نہیں آیا اور انہوں نے اس معاملے پر مکمل خاموشی اختیار کرلی۔
ایکسپریس کی جانب سے گورنر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کو 28 مئی کی تاریخ دی گئی ہے لیکن اس پر مشاورت جاری ہے حتمی فیصلہ جلد کرلیں گے۔