پشاور:خیبرپختونخوا حکومت نے صحت کارڈ سکیم کو بہتر طور پر چلنے کیلئے شعبہ صحت کے ماہرین پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیاہے جو صحت کارڈ سکیم کے امور کو مزید بہتر انداز میں چلانے اور اس میں موجود خامیوں کو دور کرنے کیلئے قلیل المدتی اور طویل المدتی اقدامات تجویز کرے گی۔
محکمہ صحت حکام کے مطابق مذکورہ کمیٹی قلیل المدتی اقدامات کیلئے وہ تجاویز پیش کرے گی جو صرف نگران حکومت کے مینڈیٹ میں ہوں گی جبکہ طویل المدتی اقدامات اگلی حکومت کیلئے بطور تجاویز پیش کئے جائیں گے، یہ کمیٹی دیہی علاقوں کے ہسپتالوں میں سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے سے متعلق بھی تجاویز پیش کرے گی۔
محکمہ صحت حکام کے مطابق صحت کارڈ سکیم کے تحت صوبے کے 97 لاکھ خاندان علاج معالجے کی مفت سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں جبکہ صحت کارڈ سکیم پر سالانہ 28 ارب روپے لاگت آرہی ہے۔
محکمہ صحت حکام کے مطابق صحت کارڈ کے تحت علاج معالجے کی سہولیات ملک بھر کے مختلف نجی اور سرکاری دونوں ہسپتالوں میں فراہم کی جارہی ہیں اور اس مقصد کیلئے نجی اور سرکاری شعبے کی 1139 ہسپتالوں کو صحت کارڈ کے پینل میں شامل کیا گیا ہے۔