چارسدہ؛ مفت آٹا تقسیم کے دوران بھگدڑ میں ایک شخص جاں بحق، 4 زخمی

پشاور: مفت آٹا تقسیم کے دوران بھگدڑ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق مفت آٹے کی تقسیم کے دوران دھکم پیل اور بھگدڑ ایک شخص کے جاں بحق  اور دیگر کے زخمی ہونے کی وجہ بنی۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ خواتین اور مردوں کے لیے ایک ہی سینٹر میں مفت آٹا تقسیم کا پوائنٹ مقرر کیا گیا ہے اور صبح 6بجے سے ہزاروں مرد و خواتین مفت آٹے کے حصول کے لیے سینٹر پہنچ گئے تھے۔

مفت آٹا آنے سے قبل جیسے ہی سینٹر کا گیٹ کھولا گیا تو بھگدڑ مچ گئی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ناقص انتظامات کے سبب افسوس ناک واقعہ پیش آیا  ہے۔ آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن اور ضلعی انتظامیہ کی ملی بھگت سے کم پوائنٹ مقرر کیے گئے ہیں۔