ممبئی: بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان کو ای میل پر قتل کی دھمکی بھیجنے والے نوجوان کو راجستھان سے گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کو تین روز قبل ایک ای میل موصول ہوئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ میں سدھو موسی والے کی طرح سلمان خان کو بھی قتل کردوں گا۔
ای میل میں مزید کہا گیا تھا کہ گینگسٹر گولڈی برار اب سلمان خان سے آمنے سامنے بات کرکے فیصلہ کرنا چاہتے ہیں اور ایسا نہ ہوا تو سلمان خان کو قتل کردیا جائے گا۔
دھمکی آمیز ای میل پر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی شہروں جودھ پور اور ممبئی کی پولیس نے مشترکہ آپریشن میں ملزم کو حراست میں لے لیا۔ ممبئی پولیس ملزم کو اپنے ہمراہ لے گئی۔
پولیس کے مطابق سلمان خان کو قتل کرنے کی دھمکی دینے والے نوجوان کا نام دھاکا درم ہے اور اس کی عمر 21 سال ہے۔ ملزم سے تفتیش جاری ہے اور اب تک محرکات کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا۔
خیال رہے کہ گینگسٹرز لارنس بشنوئی، گولڈی برار اور روہت گرگ گزشتہ دو برسوں سے سلمان خان کو قتل کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں اور سدھو موسی والے کے قتل کے بعد سے ان دھمکیوں میں اضافہ ہوا ہے۔
گینگسٹر لارنس بشنوئی اس وقت جیل میں ہے اور دوران تفتیش نے اس نے سلمان خان کو قتل کرنے کے منصوبے کا بھی انکشاف کرتے ہوئے کہا تھا کہ کالے ہرن قتل کیس میں اداکار کو عدالت نے رہائی دیدی لیکن وہ سلمان خان کو نہیں چھوڑے گا۔
یاد رہے کہ سلمان خان نے ان ملزمان کے خلاف مقدمہ بھی دراج کرایا ہے۔