اداکارہ ریشم کو 'ڈپریشن‘ سے متعلق اپنے بیان کی وضاحت دینا پڑ گئی

پاکستان کی سینئر اداکارہ ریشم کو ڈپریشن سے متعلق دیے گئے اپنے حالیہ بیان کی وضاحت پیش کرنا پڑ گئی۔

ریشم نے حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کی رمضان کی خصوصی نشریات میں شرکت کی جہاں ان سے ڈپریشن سے متعلق پوچھا گیا، اداکارہ نے جواب دیا کہ 'میرے خیال میں ڈپریشن کچھ نہیں ہوتا ،یہ اللہ سے دوری کا نام ہے'۔

ریشم نے کہا کہ 'میرے ماں باپ نہیں تھے، بچپن سے بڑی بہن نے پرورش کی لیکن جب بھی والدین کی یاد آتی میں اللہ سے رجوع کرتی، انسان جو مرضی محسوس کرے، اسے چاہیے کہ اللہ کے آگے سر جھکا کے روئے، اس سے مانگے'۔

اداکارہ کی جانب سے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر کچھ صارفین انہیں تنقید کا نشانہ بنارہے تھے کہ ڈپریشن ایک بیماری ہے۔

تاہم اب ریشم نے وائرل کلپ انسٹاگرام پر شیئر کیا اور وضاحت پیش کی۔

https://www.instagram.com/p/CqTAVAvvw8-/

انہوں نے لکھا 'ہر انسان کی اپنی سوچ ہوتی ہے اور میرے نزدیک ہر مسئلے کا حل اللہ سے محبت اور اللہ سے لگاؤ میں ہے، پھر چاہے وہ ڈپریشن ہو یا کوئی اور مسئلہ'۔

اداکارہ نے کہا 'شاید کچھ لوگوں کو میری بات سمجھ نہیں آئی،گہری باتیں ہر ایک کو سمجھ آتی بھی نہیں،تنقید کرنے والوں کو میں یہ کہنا چاہتی ہوں کہ اپنی انرجی کسی مثبت چیز کے لیے سنبھال کر رکھیں،اللہ آپ سب کو خوش رکھے آمین'۔