پریانکا چوپڑا نے بھارتی انڈسٹری چھوڑ کر ہالی ووڈ جانے کی وجہ بتا دی

نیویارک: بھارتی نژاد امریکی اداکارہ پریانکا چوپڑا کا کہنا ہے کہ انہوں نے بالی ووڈ سے اس لیے کنارہ کشی اختیار کی کیونکہ انہیں وہ کام نہیں مل رہا تھا جو وہ چاہتی تھیں اور کچھ لوگوں کے ساتھ ان کے تعلقات خراب تھے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکارہ پریانکا چوپڑا نے ایک حالیہ امریکی پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میوزک کمپنی دیسی ہٹس کی انجولا اچاریہ نے انہیں ایک میوزک ویڈیو میں دیکھا اور اس وقت فون کیا جب وہ سات خون معاف کی شوٹنگ کر رہی تھیں۔

انجولا اچاریہ نے اداکارہ سے پوچھا کہ کیا وہ امریکہ میں میوزک کیریئر کا آغاز کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں جس پر پریانکا نے فوری ہاں کر دی۔

پریانکا کا کہنا تھا کہ اس وقت وہ بھی بالی ووڈ سے باہر نکلنے کا راستہ تلاش کر رہی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ بالی ووڈ میں انہیں ایک کونے میں دھکیلا جا رہا تھا اور کوئی انہیں کاسٹ نہیں کر رہا تھا، نہ ہی انہیں ویسا کرداد مل رہا تھا جیسا وہ چاہتی تھیں اس لئے انہیں بالی ووڈ سے ایک وقفے کی ضرورت تھی۔

پریانکا کا کہنا تھا کہ موسیقی نے انہیں ہالی ووڈ میں جانے کا موقع فراہم کیا اور پھر انہوں نے امریکی فلموں میں کام تلاش کرنے کی کوشش جاری رکھی جس میں وہ کامیاب رہیں اور اب وہ ہالی ووڈ میں کئی فلموں کا حصہ بن چکی ہیں۔

یاد رہے کہ پریانکا چوپڑا نے امریکی گلوکار نک جونس سے شادی کی ہے جس کے بعد وہ مستقل طور پر امریکہ منتقل ہو چکی ہیں ان کی ایک بیٹی بھی ہے جس کا نام ’مالتی میری جونس‘ ہے۔