محمود اسلم نے مرنے سے قبل ہی جنت سے اپنی تصویر شیئر کردی

پاکستان ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کے مایہ ناز اداکار محمود اسلم نے مرنے سے قبل ہی جنت سے اپنی پہلی تصویر شیئر کردی۔

سینئر اداکار نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ کھیوڑا میں واقع نمک کی کان میں موجود ہیں اور انہوں نے ہاتھ میں نمک کا ایک ڈھیلا بھی اٹھارکھا ہے۔

انہوں نے تصویر کے کیپشن میں لکھاکہ“جنت سے لی گئی پہلی تصویر کیونکہ پاکستانیوں نے مجھے ماردیا ہے“۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر اداکار محمود اسلم کے انتقال کی جھوٹی خبر پھیلادی گئی تھی جس کی وجہ سے انہیں ویڈیو کے ذریعے تردیدی بیان جاری کرنا پڑا تھا۔

اب سینئر اداکار نے اپنی موت کی جھوٹی خبر پھیلانے والوں پر طنز کیلیے یہ تصویر شیئر کی ہے ان کی ٹوئٹ پر صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے ہیں۔