پاکستان کی تیسری نجی ائیرلائن ائیر سیال نے آج لاہور سے اپنی بین الاقوامی پروازوں کا آغاز کر دیا ہے۔
چیئرمین ائیر سیال کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں لاہور اور اسلام آباد سے جدہ کیلئے ہفتہ وار آٹھ پروازیں آپریٹ ہوں گی۔
لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر منعقدہ افتتاحی تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین ائیر سیال فضل جیلانی نے کہا کہ کامیاب ڈومیسٹک آپریشن کے بعد بین الاقوامی پروازوں کا آغاز اِئیر سیال کی بڑی کامیابی ہے.
پہلے مرحلے میں لاہور، اسلام آباد سے جدہ کیلئے ہفتہ وار 8 پروازیں چلائی جائیں گی، اس طرح ائیر سیال کی ہر ماہ جدہ کیلئے 68 پروازیں آپریٹ ہوں گی۔
انہوں نے بتایا کہ اگلے مرحلے میں کراچی، ملتان اور سیالکوٹ سے جدہ کیلئے پروازیں آپریٹ ہوں گی جبکہ خلیجی ممالک کیلئے بھی جلد پروازیں چلائیں گے۔
ائیر سیال فضل جیلانی نے کہاکہ یورپی یونین کی پابندی ہٹنے کے بعد لندن اور مانچسٹر کے لیے بھی آپریشن شروع کرے گی ، ائیر سیال کی پروازیں ائیر بس 320 کے ذریعے چلائی جارہی ہیں جبکہ فضائی بیڑے میں جلد بڑے طیاروں کو شامل کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ پاکستان کی تیسری نجی ائیر لائن ائیر سیال نے تقریباً ڈھائی سال اندرون ملک پروازوں کے بعد بین الاقوامی پروازوں کا آغازکیا ہے۔
ائیر سیال کی افتتاحی بین الاقوامی پرواز لاہور سے 160 مسافروں کے ہمراہ جدہ روانہ ہوگئی ہے۔
چیئرمین ائیر سیال، بورڈ آف ڈائریکٹرز افسران اور سی اے اے حکام نے افتتاحی پروازکے مسافروں کو رخصت کیا۔ افتتاحی تقریب میں قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف اور سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید نے بھی شرکت کی۔