اسلام آباد:ملک پر مجموعی قرضوں کا بوجھ 51 ہزار 131 ارب روپے ہو گیا، غیر ملکی قرضے 86 ارب 51 کروڑ ڈالر ہو گئے، ہر پاکستانی 2 لاکھ 16 ہزار روپے کا مقروض ہو گیا۔
قومی اسمبلی میں پیش کی جانے والی غیر ملکی قرضوں کی تفصیلات پیش کر دی گئی، وزیر خزانہ نے قرض پالیسی اسٹیٹمنٹ اور مالیاتی پالیسی اسٹیٹمنٹ ایوان میں پیش کی۔
دستاویز کے مطابق ستمبر 2022 تک ملک پر مجموعی قرضوں کا بوجھ 51 ہزار 131 ارب روپے ہو گیا۔ ملک پر مقامی قرضوں کا بوجھ 31 ہزار 402 ارب روپے ہوگیا۔ بیرونی قرضوں کا بوجھ 86 ارب 51 کروڑ ڈالر ہو گیا۔
دستاویز کے مطابق ملک کا ہر شہری 2 لاکھ 16 ہزار 709 روپے کا مقروض ہو گیا۔ جون 2021 میں ہر شہری ایک لاکھ 79 ہزار 93 روپے کا مقروض تھا۔
جون 2021 سے جون 2022 تک ڈالر کی قدر میں اضافے سے قرضوں میں 3764 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ جون 2022 میں قرضے جی ڈی پی کا 73.5 فیصد تھے۔