اسلام آباد:وفاقی حکومت نے ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے اور شرح مبادلہ میں استحکام کیلئے ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کی جانب سے ملک میں 24 ارب ڈالر لانے کی پیشکش کا جائزہ لینا شروع کردیا۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے بعد قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے بھی آئندہ ہفتے ایکسچینج کمپنیزکے نمائندوں کو بریفنگ کیلئے طلب کرلیا۔
اس بارے میں ایسوسی ایشن کے رہنما ملک بوستان نے اس بات کی تصدیق کی کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے اگلے ہفتے بریفنگ کیلئے بلایا ہے۔
کمیٹی حکام کے مطابق شرح مبادلہ میں استحکام اور ملکی زرمبادلہ کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ایسوسی ایشن کی تجاویز کا جائزہ لے کر وہ اپنی سفارشات وزیراعظم کو بھجوائیں گے۔
تجاویز بارے وزارت خزانہ کے حکام سے جب رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ شرح مبادلہ میں استحکام لانے اور زرمبادلہ کے ذخائریں اضافے سے متعلق تجاویز دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق اسٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ تجاویز کا جائزہ لے رہی ہے، قابل عمل تجاویز پر عمل کیا جائے گا۔