روس کے کیفے میں ہونیوالے بم دھماکے میں معروف روسی فوجی بلاگر ہلاک

روس کے شہر سینٹ پیٹرز برگ کے ایک کیفے میں ہونے والے دھماکے میں معروف روسی فوجی بلاگر ولادلن تاتارسکی ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اس کیفے میں بم ایک چھوٹے سے مجسمے میں چھپایا گیا تھا اور جب وہ مجسمہ بطور تحفہ بلاگر تاتارسکی کو دیا گیا تو دھماکا ہوا۔

روسی میڈیا کا کہنا ہے کہ تاتارسکی کے سوشل میڈیا پر 5 لاکھ 60 ہزار سے زائد فالوورز ہیں اور  ان کا شمار معروف بلاگرز میں ہوتا تھا۔

تاتارسکی جس کا اصلی نام میکسم فومین تھا، وہ اپنے بلاگ میں یوکرین میں روس کی جنگی کوششوں کی حمایت کرتے تھے۔

روسی میڈیا کے مطابق دھماکے میں کم از کم 30 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے تاہم دھماکے کی تفتیش شروع کردی ہے اور فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ اس کے پیچھے کون ہے۔

روس کی وزارت خارجہ نے حملے میں کسی کے ملوث ہونے کا الزام نہیں لگایا تاہم ان کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد مغربی دارالحکومتوں میں خاموشی ان کی منافقت کو بے نقاب کرتی ہے۔