ایشائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو جنوبی ایشیا کے آٹھ ممالک میں سب سے مہنگا قرار دے دیا۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں موجودہ مالی سال مہنگائی کی اوسط شرح 27 اعشاریہ 5 فیصد رہے گی۔
رپورٹ کے مطابق خطے میں سری لنکا چوبیس اعشاریہ چار فیصد کے ساتھ مہنگائی کے اعتبار سے دوسرے جبکہ افغانستان تیرہ اعشاریہ آٹھ فیصد کیساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ جنوبی ایشا میں چوتھا مہنگا ملک بنگلہ دیش جہاں شرح آٹھ اعشاریہ سات فیصد جبکہ بھارت میں رواں سال مہنگائی پانچ فیصد رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیپال میں مہنگائی سات اعشاریہ چار فیصد، بھوٹان میں پانچ اعشاریہ پانچ اور مالدیپ میں چار اعشاریہ پانچ فیصد رہے گی۔ ایشائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں معاشی شرح نمو صفر اعشاریہ چھ فیصد رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
خیال رہے کہ وزارت خزانہ نے ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ آؤٹ لک رپورٹ میں بھی روپے کی قدر میں کمی اور مہنگی پٹرولیم مصنوعات کے باعث ملک میں مہنگائی مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہرکیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق فروری 2023 میں مہنگائی 31.5 فیصد رہی جس میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ ہفتہ وار مہنگائی پہلے ہی 46 فیصد کی بلند سطح پر پہنچ چکی۔