ارجن کپور سے شادی کی تاریخ کسی بھی وقت طے ہوسکتی ہے ، ملائیکہ اروڑا

ممبئی: بھارت کی معروف رقاصہ اور ماڈل ملائیکہ اروڑا نے پہلی بار اداکار ارجن کپور کے ساتھ شادی اور مستقبل کی منصوبہ بندی سے متعلق کھل کر بات کی۔

ملائیکہ اروڑا اور کرن ارجن کے درمیان عمر میں 12 سال کا فرق ہونے کے باوجود زبردست ہم آہنگی ہے اور دونوں 2016 سے ایک ساتھ دیکھے جا رہے ہیں تاہم شادی سے متعلق دونوں نے کہا تھا کہ ابھی کچھ وقت لگے گا۔

لیکن اب ایک انٹرویو میں ملائیکہ اروڑا نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ وہ دوسری شادی سے متعلق فیصلہ کرتے ہوئے گھبرا رہی ہیں یا خوف زدہ ہیں۔

معروف ڈانسر نے مزید کہا کہ میں ارجن کے ساتھ گھر بنانا اور اپنے تعلقات کو اگلے درجے تک لے جانا پسند کروں گی جس کے لیے اب ہم دونوں تیار ہیں۔

ملائیکہ نے کہا کہ دراصل وہ زیادہ منصوبہ بندی نہیں کرتیں۔ اس لیے شادی کی تاریخ کسی بھی وقت آسکتی ہے۔ میں ابھی بتاکر سرپرائز کے لطف کو ختم کرنا نہیں چاہتی۔

یہ پہلی بار ہے جب ملائیکہ یا ارجن کپور نے شادی سے متعلق کوئی بات کی ہے ورنہ دونوں نے ہمیشہ ہی مؤقف اپنایا ہے کہ ابھی وہ ساتھ گھومتے پھرتے ہیں اور انجوائے کرتے ہیں باقی باتیں بعد کی ہیں۔

49 سالہ ملائیکہ اروڑا کی پہلی شادی 1998 میں سلمان خان کے بھائی اور فلم پروڈیوسر ارباز خان کے ساتھ ہوئی تھی اور دونوں کا 20 سالہ بیٹا بھی ہے تاہم 2017 میں ان کے درمیان طلاق ہوگئی تھی۔

ملائیکہ اروڑا کی طلاق کی وجہ بھی ارجن کپور کو قرار دیا جاتا ہے جو 2016 سے ملائیکہ کے ساتھ ہیں۔

37 سالہ ارجن کپور غیر شادی شدہ ہیں۔ فلم انڈسٹری میں آنے سے قبل ارجن کپور کے سلمان خان کی بہن ارپیتا خان کے ساتھ تعلقات تھے۔ شوبز میں انٹری کے بعد وہ سوناکشی سنہا کے قریب آگئے تاہم یہ تعلق بھی جلد ٹوٹ گیا اور اب 2016 سے وہ ملائیکہ اروڑا کے ساتھ ہیں۔