اسلام آباد:حکومت نے گیس چوروں اور ڈیفالٹرز کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا،وزرات پیٹرولیم نے گیس چوری کی روک تھام اور ریکوری بل 2023 تیار کرلیا۔
ذرائع کے مطابق حکومت گیس چوری اور ریکوری میں بہتری لانا چاہ رہی ہے،غیر ضروری حکم امتناعی کیس میں التوا سے بچنے کیلئے حکومت نے یہ بل لانے فیصلہ کیا ہے،جس سے گیس کے شعبے میں نقصانات کنٹرول کرنے اور ریکوری میں یہ قانون موثر معاونت کرے گا۔
ذرائع کے مطابق بل کے تحت گیس چوری کی روک تھام اور ریکوری کیلئے خصوصی عدالتیں قائم کی جائینگی،گیس یوٹیلیٹی کورٹس بنائی جائیں گی،عدالتوں میں ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی مشاورت سے جج تعینات ہوگا۔
ان خصوصی عدالتوں میں گیس چوری اور بقایا جات کے مقدمات سنے جائینگے،عدالتوں کے دائرہ کار کا تعین بھی چیف جسٹس ہائی کورٹ کی مشاورت سے ہوگا،خصوصی عدالتوں میں گیس چوری کے مقدمات نمٹانے کی حد مقرر کی جائے گی،مقررہ حد کے اندر چوری اور ریکوری کے مقدمات نمٹائے جائینگی۔