رانی مکھرجی نے سوشل میڈیا سے دور رہنے کی وجہ بتادی

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ رانی مکھرجی کا شمار ان فنکاروں  میں ہوتا ہے جن کی سوشل میڈیا پر غیر موجودگی کو مداح شدت سے محسوس کرتے ہیں۔

رانی مکھرجی نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ سوشل میڈیا  کسی بھی فرد پر بہت زیادہ دباؤ ڈالتا ہے اور پھر اسے روزانہ کی بنیاد پر برقرار رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے اور میں یہ دونوں ہی کام نہیں کر سکتی۔

اُنہوں نے کہا کہ یہ ہر فرد کا ذاتی انتخاب ہے کہ وہ دباؤ میں رہنا چاہتا ہے یا نہیں، میں یہ نہیں کہوں گی کہ دباؤ آتا نہیں ہے لیکن بات یہ ہے کہ آپ کو اپنی ہمت اور یقین کے مطابق جینا ہے جو آپ کر سکتے ہیں۔ 

اداکارہ نے کہا کہ جب سوشل میڈیا کی آمد ہوئی تو سب نے مجھ سے کہا کہ مجھے سوشل میڈیا کا استعمال کرنا چاہیے، مگر میں نے اپنے فیصلے کو برقرار رکھا کہ جس کام کے بارے میں مجھے پتہ ہے کہ میں یہ کام میں نہیں کر سکتی تو میں اس کام کو کرنے میں اپنے ہاتھ کیوں جلاؤں؟

اُنہوں نے ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کو الگ الگ رکھنے کے بارے میں بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ میں اور میرے شوہر آدتیہ چوپڑا بیٹی آدیرا چوپڑا کے سامنے فلموں پر بات نہیں کرتے۔

کام کےحوالے سے بات کریں تو رانی مکھرجی کو ان کی نئی ریلیز ہونے والی فلم ’مسز چٹر جی ورسز ناروے‘ میں شاندار اداکاری کی وجہ سے دنیا بھر سے پذیرائی مل رہی ہے۔