عدنان سمیع کے بھائی نے گلوکار بارے حیران کن انکشافات کردیئے

ممبئی: پاکستانی نژاد بھارتی گلوکار عدنان سمیع کے بھائی جنید سمیع نے گلوکار سے متعلق چونکا دینے والے انکشافات کر ڈالے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جنید سمیع نے عدنان سمیع سے متعلق فیس بک پر ایک ایسی پوسٹ شیئر کی جسے پڑھ کر ہر کوئی حیران رہ گیا۔ اگرچہ پوسٹ فوری ڈیلیٹ کر دی گئی لیکن اس کے اسکرین شارٹ اب بھی سوشل میڈیا پر کہیں نہ کہیں موجود ہیں۔

جنید سمیع نے سگے بھائی سے متعلق لکھا کہ عدنان اپنی جائے پیدائش سے متعلق جھوٹ بولتے ہیں، وہ انگلینڈ یا کسی اور جگہ نہیں بلکہ 15 اگست 1969ء کو راولپنڈی میں پیدا ہوئے، انہیں چیلنج کرتا ہوں کہ وہ میرے اس دعوے کی تردید کر کے دکھائیں۔

انہوں نے فیس بک پوسٹ میں لکھا کہ 1986ء میں عدنان نے انگلینڈ کے رگبی اسکول کے او لیول امتحان میں ناکام ہونے کے بعد جعلی ڈگری بنوائی، انہوں نے لاہور کی پنجاب یونیورسٹی سے بی اے مکمل کیا اور وہ انگلینڈ سے وکالت کی ڈگری کے بارے میں جھوٹ بولتے ہیں۔

جنید سمیع نے انکشاف کیا کہ عدنان نے 2007 یا 2008 میں اپنی دوسری بیوی صبا کی ایک قابلِ اعتراض ویڈیو بنا کر عدالت میں جمع کرائی تاکہ پورا ملک دیکھ سکے۔

گلوکار کے بھائی نے یہ بھی بتایا کہ عدنان نے بھارتی شہریت پیسوں کے لیے لی کیونکہ انہیں پاکستان کے مقابلے انڈیا میں اچھے پیسے ملتے تھے۔

ان انکشافات پر عدنان سمیع کی جانب سے اب تک کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔