عالمی شہرت یافتہ امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ اور برطانوی اداکار جو ایلون کی راہیں جدا ہوگئیں۔ دونوں فن کاروں کے درمیان تعلقات چھ برس تک قائم رہے۔
غیرملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ٹیلر سوئفٹ او جو ایلون کے درمیان بریک اپ کی خبریں اس وقت سامنے آئی ہیں جب نوجوان نسل کی پسندیدہ گلوکارہ ملک گیر دورے پر ہیں۔ اس دورے کے دوران وہ مختلف شہروں میں اپنی گائیکی کا جادو جگارہی ہیں۔
ٹیلرسوئفٹ اور جو ایلون کے درمیان دوستی کی خبریں پہلی بار 2016 کے اواخر میں سامنے آئی تھیں مگر انہوں نے اپنے اس تعلق کے بارے میں کبھی کھل کر گفتگو نہیں کی اور نہ ہی دونوں کی جانب سے اب بریک اپ کے بارے میں کچھ کہا گیا ہے۔
جو ایلون ٹیلر سوئفٹ کے بیشتر کنسرٹس میں ان کے ساتھ نظر آتے رہے ہیں مگر اس ٹور میں وہ ان کے کسی کنسرٹ میں دکھائی نہیں دیے جس کے بعد ان کے راستے الگ ہوجانے کی خبریں عالمی میڈیا کی زینت بنی ہیں۔