حکومت کی عوام کو سستے داموں پیٹرولیم مصنوعات فراہمی یقینی بنانے کی کوششیں کامیاب ہونے لگیں۔
وزیرمملکت پیٹرولیم مصدق ملک نے خوشخبری سنائی، کہا روس سے سستے تیل کی درآمد اسی مہینے شروع ہو جائے گی۔ روس سے ملکی ضرورت کا 33 فیصد خام تیل منگوایا جائے گا۔
وزیر مملکت پیٹرولیم نے کہا کہ روس سے سستا تیل خریدنے کیلئے حتمی بات چیت ہو رہی ہے، پاکستان روس سے تیل درآمد کیلئے پہلا آرڈر اسی مہینے دے گا۔ روس سے کارگو پاکستان پہنچنے میں 26 سے 27 دن لگتے ہیں۔
مصدق ملک نے کہا کہ روس سے تیل خریداری پر امریکا اور یورپ سمیت کسی کواعتراض نہیں، پہلا کارگو آنے سے معلوم ہوگا ہماری ریفائنریز کتنا خام تیل صاف کر سکتی ہیں تاہم عالمی مارکیٹ سے سستا تیل خریدیں گے تو پاکستان کے عوام کو ہی فائدہ ہوگا۔