رواں سال پاکستان میں مہنگائی کی شرح 27فیصد رہیگی، آئی ایم ایف

 اسلام آباد: عالمی مالیاتی فنڈز (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے لیے مالی سال 2023-2024ء آؤٹ لک جاری کردیا جس میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال کے اختتام تک مہنگائی کی شرح 27.1 فیصد رہے گی۔

آئی ایف ایف کی جانب سے جاری عالمی آؤٹ لک میں بتایا گیا ہے کہ آئندہ مالی سال میں دنیا بھر میں مہنگائی کی شرح بڑھے گی جبکہ پیداوار کم رہے گی۔ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے شرح سود میں اضافہ ناگزیر ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کی مالی سال 23 میں شرح نمو 0.5 فیصد بڑھے گی جبکہ آئندہ سال 2024ء میں یہ بڑھ کر 3.5 فیصد تک پہنچ جائے گی۔

آئی ایم ایف رپورٹ کے مطابق پاکستان میں مالی سال 23 میں افراط زر تقریباً 27.1 فیصد رہے گا اور مالی سال 24 میں مہنگائی کی شرح کم ہوکر تقریباً 21.9 فیصد پر پہنچ جائے گی، اسی طرح مالی سال 23 میں پاکستان کا مالیاتی خسارہ 6.8 فیصد رہے گا جبکہ آئندہ سال یہ بڑھ کر 8.3 فیصد پر پہنچ جائے گا۔

عالمی مالیاتی فنڈز کی آؤٹ لک رپورٹ کے مطابق پاکستان کا مالی سال 23 میں سی اے ڈی 2.3 فیصد ہو گا جبکہ مالی سال 24 میں سی اے ڈی 2.4 فیصد ہو جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق مالی سال 23 میں جی ڈی پی کا حجم 85.4 ٹریلین روپے ہو گا جو اگلے سال بڑھ کر 108.4 ٹریلین روپے تک پہنچ جائے گا۔