امریکا کی ریاست ٹیکساس کے ایک ڈیری فارم میں خوفناک دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں فارم میں موجود 18 ہزار گائیں ہلاک ہوئیں جب کہ ایک شخص زخمی ہوا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا کی ریاست ٹیکساس کے ڈمٹ نامی قصبے کے قریب واقع ساؤتھ فورک ڈیری فارم میں خوفناک دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 18 ہزار گائیں ہلاک ہوگئی ہیں جب کہ ایک شخص زخمی بھی ہوا جس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
مقامی حکام کے مطابق دھماکا ڈیری فارم پر مشینری سے میتھین گیس کے اخراج کی وجہ سے ہوسکتا ہے۔
اس حوالے سے کیسٹرو کاؤنٹی کے شیرف دفتر کی جانب سے تصویر جاری کی گئی ہے جس میں فضا میں فارم کی زمین سے سیاہ کثیف دھواں اٹھتا دیکھا جا سکتا ہے۔
مقامی حکام کے مطابق آتشزدگی کی اطلاع پر پولیس اور ایمرجنسی حکام فارم پر پہنچے تو انہیں ایک پھنسا ہوا زخمی شخص ملا جس کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اب تک اس دھماکے سے لگنے والی آگ اور دھوئیں سے ہلاک گائیوں کی درست تعداد تو معلوم نہیں ہوسکی لیکن شیرف کے دفتر کے مطابق لگ بھگ 18 ہزار گائیں اس واقعے میں ہلاک ہوچکی ہیں۔
شیرف سال ریویریا نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ زیادہ تر جانور فارم میں آگ لگنے کے بعد لاپتہ ہوگئے تھے۔ کچھ زندہ بھی بچے ہیں اور کچھ اتنے زخمی ہوچکے ہیں کہ انہیں مجبوراً مارنا پڑے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ تفتیش کاروں نے ابتدائی تفتیش کے بعد اندازہ لگایا ہے کہ آگ ایک مشین کی وجہ سے لگی جو ویکیوم کی طرح کام کرتی ہے اور کھاد کو اندر کھینچتی جب کہ پانی باہر نکالتی ہے۔
تفتیش کاروں کے مطابق شاید مشین گرم ہوئی اسی وجہ سے متھین گیس خارج ہونے سے آگ لگی اور اس کے بعد دھماکا ہوگیا۔
واشنگٹن میں موجود جانوروں کی دیکھ بھال والے ادارے کے اعداد وشمار کے مطابق 2013 سے اب تک مختلف فارمز میں آگ لگنے کے واقعات میں 65 لاکھ جانور ہلاک ہوچکے ہیں جن میں 60 لاکھ مرغیاں اور 7300 گائیں شامل ہیں۔
ان میں سے 30 لاکھ سے زائد ہلاکتیں 2018 سے 2021 کے تین سال کے دوران ہوئی ہیں۔