ہوائی فائرنگ بند ہے 

فائرنگ کرنے سے منع کرنے کا مقصد ہمارے عوام کو ابھی تک برسوں بیت گئے مگر سمجھ میں نہیں آ سکا۔ یہ گولی جو ہوامیں لپک کر جاتی ہے یہ واپسی پر زمین کی کشش کی وجہ سے دگنی رفتار کے ساتھ واپس آتی ہے۔اس اندھی گولی کا نشانہ کوئی بھی بن سکتاہے۔پندرہ سو میل  فی گھنٹہ کی رفتار ہوتی اس کی۔ اب خیر سے عید ہے چاند رات ہوگی۔۔مگر یہاں تو اورمعاملہ ہے۔جب چاند را ت ہوتی ہے تو یا اس قسم کے تہوار کا موقع ہوتا ہے تو ہسپتالوں میں بھی عملہ الرٹ ہو جاتا ہے کوئی زخمی لایا جائے گا۔ ایک خاتون گھر کے اوپن صحن میں جھاڑو دے رہی تھی۔ اچانک گھر کر فوت ہوگئی۔معلوم نہ ہوا کہ اس کو کیا ہوا۔ یہی سمجھا گیا کہ ہارٹ اٹیک ہوا ہے۔مگر بعد میں جب میت کو غسل دیا جانے لگا تو غسال خاتون کو اس کے سر میں سورا خ نظر آیا۔ تب معلوم پڑا کہ اس کی موت ہوائی گولی لگ جانے سے ہوئی ہے۔اب یہ گولی کس سمت سے آئی کس نے چلائی۔ گولی پر مرنے والے کا نام تو لکھا ہوتا ہے۔مگر گولی چلانے والے کا نام پتا اگر لکھا ہو تو اس کے خلاف رپٹ بھی درج کروائی جا سکے اور قانون کی دفعہ کے تحت اس کو سزا اور جرمانہ لگایاجا سکے۔یہ کلچر بجائے اس کے کہ ختم ہو جائے بہت عام ہوا جاتا ہے۔سرکاری لوگوں نے اس موقع پر جگہ جگہ بینر لگا رکھے ہوتے ہیں اور ساتھ میں اپنی پولیس وین پر بھی بینر آویزاں کر رکھے ہو تے ہیں۔پھر وٹس ایپ گروپوں میں فائرنگ منع ہے کے پوسٹر شیئر کئے جاتے  ہیں۔ جو سمجھدار ہیں وہ بازآ بھی جاتے ہیں یافائرنگ ہی کم کرتے ہیں مگر اکثر دیکھنے میں آیا ہے کچھ لوگ اس بات کی پروا نہیں کرتے کہ کسی نے ہمیں کیا نصیحت کی ہے او رکیوں کی ہے۔ہم  ہوائی فائرنگ کر کے کسی نہ کسی کو کسی نہ کسی مقام پر موت کے منہ میں دھکیل دیتے ہیں۔اسلحہ کا لائسنس اگرملا ہوتا ہے تو اس کا مقصد اپنے دفاع سے ہوتا ہے۔مگر یہاں تو دفاع مقصود ہی نہیں یہاں تو اس آتشیں اسلحہ گولیوں کی تڑ تڑ کی نمائش کی جاتی ہے۔مگر کون کہتا ہے بند ہے۔ ہاں شادی کارڈوں پر لکھا ہوتا تھا کہ ہوائی فائرنگ بند ہے۔یعنی آپ شادی پر ضرور آئیں مگر آکر فائرنگ نہ کریں۔ کھاناکھائیں اور تشریف لے جائیں۔مگر ہمارے بھائی بند خوب مزے سے اسلحہ لے کر آتے ہیں۔شادی کارڈوں میں صرف لکھنے کی حد تک فائرنگ بند ہے۔پھر وہ بھی پہلے پہل لکھتے تھے اب تو لوگ جو شادی کے گھر والے ہیں اور جو خود مہمان فائرنگ کرنے والے ہیں اتنے عادی ہو چکے ہیں کہ اب شادی کارڈوں یہ جملہ لکھا ہوا نہیں ملتا۔ خوب دھڑلے سے پرائی شادی کو خراب کر تے ہیں۔ جب ہوائی فائرنگ کے بعد پولیس آ جاتی ہے تو بعض اوقات دولہے کو  گرفتار کر کے لے جاتی ہے۔ایسا کئی مرتبہ بارات کے موقع پر ہوا ہے۔