پیدائش کے ایک ماہ تک والد نے میرا چہرہ بھی نہیں دیکھا تھا: کرشمہ تنا

بھارتی اداکارہ و ماڈل کرشمہ تنا نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے والد نے ان کی پیدائش کے ایک ماہ تک ان کا چہرہ بھی نہیں دیکھا تھا۔

بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اداکارہ نے بتایا کہ وہ دو بہنیں ہیں اور وہ چھوٹی ہیں، ان کی پیدائش پر ان کے والد خوش نہیں ہوئے تھے کیوں کہ انہیں بیٹے کی خواہش تھی۔

کرشمہ کے مطابق انہیں والدہ نے خود بتایا تھا کہ والد کو تمہاری پیدائش کے وقت بیٹے کی خواہش تھی، وہ روایتی گجراتی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں جہاں والدین پر بیٹے کی پیدائش کے حوالے سے خاصا دباؤ ہوتا ہے،  ہمارے یہاں ماننا ہے کہ  بیٹوں سے  نسل چلتی ہے، بیٹے  والدین کو کماکر کھلاتے ہیں اور بیٹیوں سے بہتر ہوتے ہیں،  میری والدہ کی دو بیٹیاں اور بھی ہیں جس کی وجہ سے  دادا دادی کا رویہ بھی ہم سے ٹھیک نہیں تھا۔

اداکارہ نے بتایا تھا کہ جب میں پیدا ہوئی تھی تو میری والدہ نے ایک ہفتے تک میرا چہرہ  بھی نہیں دیکھا تھا اور میرے والد مجھے ایک ماہ تک اسپتال دیکھنے نہیں آئے تھے جس کی وجہ  دوسری بار بھی لڑکی کی پیدائش  تھی۔

 کرشمہ تنا  نے کہا کہ جب میری والدہ نے مجھے بتایا تو میرا دل ٹوٹ گیا تھا اس لیے نہیں کہ میرے والد کو مجھ سے محبت نہیں تھی بلکہ اس لیے کہ ان کی دوسری اولاد بھی لڑکی تھی اور پھر والد پر  بیٹے کیلئے خاندان کا دباؤ بھی تھا جس کی وجہ سے وہ مجھے دیکھنے بھی نہیں آسکے تھے، میرے والد کو بیٹیاں پسند تھیں لیکن وہ اپنے خاندان کو کیسے بتاتے۔

ادکارہ نے مزید بتایا کہ اس کے بعد میں نے فیصلہ کیا اور والد کو بتایا کہ میں وہ سب کچھ کروں گی جو آپ ایک بیٹے سے خواہش رکھتے ہو اور میں نے وہ کردکھایا۔