بیجنگ: چینی منتظمین نے لیونل میسی کے نام پر شائقین فٹبال سے رقم بٹورنا شروع کردی۔
رپورٹس کے مطابق لیونل میسی ارجنٹائن اور آسٹریلیا کے درمیان منعقدہ چینی گراؤنڈ پر دوستانہ میچ میں شریک ہوں گے، تاہم منتظمین نے شائقین سے اس مقابلے کے لیے ٹکٹ کی قیمت 680 امریکی ڈالر رکھ دی ہے۔
میسی 2017 کے بعد پہلی بار چین کے مہمان بنیں گے، 68 ہزار شائقین کی گنجائش رکھنے والے ورکرز اسٹیڈیم میں یہ دوستانہ میچ 15 جون کو شیڈول ہے، آسٹریلیا اور ارجنٹائن گزشتہ برس قطر ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل مرحلے میں بھی مدمقابل آئے تھے، تاہم جنوبی امریکن سائیڈ نے یہ مقابلہ 2-1 سے نام کرلیا تھا۔
چینی منتظمین کے مطابق میچ کے لیے ٹکٹوں کی قیمت 82 ڈالر سے 680 ڈالر تک ہے، اس کی فروخت دو مراحل میں 5 اور8 جون کو ہوگی۔
چینی شائقین فٹبال نے سوشل میڈیا پر اسے اپنے جیبوں پر ’ڈکیتی‘ سے تشبیہ دی ہے۔ ایک نے لکھا کہ ہم اتنی خطیررقم دیں گے تو کیا میسی کھیلنے کے دوران ہمارا خیال بھی رکھے گا۔