شمالی وزیرستان میں بارودی سرنگ کا دھماکا، پاک فوج کے 2 جوان شہید

شمالی وزیرستان میں دیسی ساختہ بارودی سرنگ کے دھماکے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں دیسی ساختہ بارودی سرنگ کا دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 2 جوان جام شہادت نوش کرگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء میں سپاہی عابد اللہ اور سپاہی گل راؤف شامل ہیں، 29 سالہ سپاہی گل رؤف کا تعلق لکی مروت اور 23 سالہ سپاہی عبداللہ کا تعلق کرک سے ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری ہے۔

ترجمان کے مطابق مسلح افواج دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔