ہمارادشمن پاکستان کے اندر تخریب کاری کرنے سے باز نہیں آ رہا، سابقہ فاٹا میں یوں تو اکثر و بیشتر امن کی فضا موجود ہے۔ باجوڑ، مہمند خیبر اورکزہی اور کرم کا امن عامہ بفضل خدا مثالی ہے لیکن وزیر ستان وہ واحد علاقہ ہے کہ جس جہاں اب بھی دہشت گردی کے واقعات سامنے آرہے ہیں۔ سابقہ فاٹا کا جو بارڈر افغانستان کے ساتھ ملتا ہے ،سابقہ فاٹا کی قبائلی پٹی کے رستے خیبرپختونخوا میں داخل ہو کر وطن عزیز کے اندر دہشت گرد گھسنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس جملہ معترضہ کے بعد کچھ دیگر اہم امور کا تذکرہ کرتے ہیں۔ چین نے چشمہ 5 نیوکلیئر پاور پلانٹ کی تعمیر کے ایک نئے معاہدے پر دستخط کر دئیے ہیں۔ 4.8 بلین ڈالر مالیت کی اس سرمایہ کاری کو ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا سکتا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے اس موقع پر چین کی تعریف کرتے ہوئے کہا، کہ ایک ایسے ملک کی طرف سے سرمایہ کاری، جس کو پاکستان اپنا سب سے زیادہ قابل اعتماد اتحادی سمجھتا ہے، قابل ستائش عمل ہے۔چشمہ 5 پراجیکٹ پر کام فوری طور پر شروع ہونے کی امید کی جا رہی ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے دستخط کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چائنا نیشنل نیوکلیئر کوآپریشن اور پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ایک اہم سنگ میل ہے۔ وزیر اعظم پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ چین کی طرف سے 4.8 ڈالر کی سرمایہ کاری کا یہ منصوبہ واضح پیغام دیتا ہے کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے، جس پر چینی کمپنیاں اور سرمایہ کار اپنا اعتماد اور یقین رکھتے ہیں۔شہباز شریف نے اس مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے لیے منعقدہ تقریب میں کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ تاخیر کا شکار ہونے پر چین نے ہماری مدد کی، جس کے لئے وہ صدر شی جن پنگ کے بہت ممنون و مشکور ہیں۔ دیکھا جائے تو یہ یقینا ایک بہت اہم قدم ہے اور یہ حکومت کی ایک بڑی کامیابی ہے ۔بجا طور پر وزیر اعظم نے اس معاہدے کو ایک اہم سنگ میل قرار د یا ہے ۔ اس سے پاک چین معاشی تعلقات کیساتھ ساتھ دیرینہ دوستانہ روابط کو مزید تقویت ملے گی۔ چشمہ 5 منصوبے کے تحت اور چین کی حمایت سے پاکستان کا فوسل ایندھن پر انحصار منتقل ہو کر جوہری توانائی پر مرکوز ہو جائے گا۔ ملک کی کل جوہری توانائی کی پیداواری صلاحیت 14 سو میگاواٹ ہے ۔ دوسال قبل بھی ایک نیا جوہری پلانٹ چین کی مدد سے لگایا گیا ہیے۔ یہ پلانٹ کراچی میں واقع ہے۔اس پلانٹ کی پیدواری صلاحیت 11 سو میگاواٹ ہے۔ساتھ ہی وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی شراکت داروں کی طرف سے تازہ ترین پروجیکٹ کے لیے 100 ملین ڈالر کے ڈسکاﺅنٹ کی پیش کش کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ یہ تو پاکستان اور چین کی دوستی میں نئی بلندیوں کا تذکرہ ہوگیا۔ چین اگر پاکستان کو قریبی دوست ہے تو ہمارے اس قریبی دوست سے امریکہ کو بیر ہے اور تھوڑے وقت کیلئے اگر امریکہ چین کے ساتھ اچھے تعلقات کی باتیں کرتا ہے تو ساتھ ہی پھر کوئی ایسا قدم اٹھاتا ہے کہ حالات کشیدہ ہوجاتے ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ کے 2 روزہ چین کے دورے میں صدر شی جن پنگ سے ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سرد مہری کی برف پگھلنے لگی تھی لیکن صدر جوبائیڈن کے ایک بیان کی وجہ سے تلخیاں دوبارہ سر اٹھانے لگیں۔امریکی صدر جوبائیڈن نے شمالی کیلی فورنیا میں پارٹی کے لئے فنڈ جمع کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رواں برس فروری میں چین کے جاسوسی غباروں کو مار گرانے کے واقعے کا تذکرہ کرتے ہوئے صدر شی جن پنگ کو آمر کہہ دیا۔امریکی صدر نے کہا کہ جب امریکی فوج نے چین کے جاسوسی غبارے مار گرائے تو شی جن پنگ غصے میں آگئے۔ یہ آمروں کے لیے بہت بڑی شرمندگی ہوتی ہے کہ جب انھیں پتا بھی نہیں چلتا کہ ان کا منصوبہ کیسے فلاپ ہوگیا۔صدر شی جن پنگ کو آمر سے تشبیہ دینے پر چین نے امریکی صدر جوبائیڈن کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ بیان انتہائی مضحکہ خیز اور غیر ذمہ دارانہ ہے۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ما ننگ نے کہا کہ امریکی صدر کا بیان حقائق کے برعکس، سیاسی وقار کے منافی اور سفارتی پروٹوکول کی سنگین خلاف ورزی ہے۔یاد رہے کہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن 2 روزہ دورے پر چین پہنچے تھے اور چینی صدر سے ملاقات کی تھی جس میں کوئی بڑی پیشرفت تو نہیں ہوئی تھی لیکن دونوں ممالک نے بات چیت کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا تھا۔تاہم امریکی صدر کے بیان نے نئی صورت حال پیدا کردی ہے جس سے دونوں ممالک کے صدور کی رواں برس کے آخر میں ہونے والی ملاقات خطرے میں پڑگئی ہے۔
اشتہار
مقبول خبریں
پشاور کے پرانے اخبارات اور صحافی
سید مظہر علی شاہ
سید مظہر علی شاہ
سٹریٹ کرائمز کے تدارک کی ضرورت
سید مظہر علی شاہ
سید مظہر علی شاہ
فرسودہ فائر بریگیڈ سسٹم
سید مظہر علی شاہ
سید مظہر علی شاہ
معیشت کی بحالی کے آثار
سید مظہر علی شاہ
سید مظہر علی شاہ
ممنوعہ بور کے اسلحہ سے گلو خلاصی
سید مظہر علی شاہ
سید مظہر علی شاہ
امریکہ کی سیاسی پارٹیاں
سید مظہر علی شاہ
سید مظہر علی شاہ
سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری
سید مظہر علی شاہ
سید مظہر علی شاہ
امریکی پالیسی میں تبدیلی؟
سید مظہر علی شاہ
سید مظہر علی شاہ
سموگ کا غلبہ
سید مظہر علی شاہ
سید مظہر علی شاہ
سابقہ فاٹا زمینی حقائق کے تناظر میں
سید مظہر علی شاہ
سید مظہر علی شاہ