کراچی: لڑکی کو ہراساں کرنیوالے ملزم کا خاکہ تیار کرلیا گیا

کراچی کے علاقےگلستان جوہر میں لڑکی کو ہراساں کرنے کے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور  پولیس نے ملزم کا خاکہ تیار کرالیا ہے۔

پولیس کے مطابق خاکہ سی سی ٹی وی اور عینی شاہدین کی مدد سے تیار کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہےکہ واقعے سے متعلق 300 لوگوں سے پوچھ گچھ کی جاچکی ہے۔

پولیس کی جانب سے واقعے کی تفتیش کے لیے 15 افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے، ان افراد میں گلی کا چوکیدار  اور ایک گھریلو ملازمہ بھی شامل ہے۔

پولیس حکام کی جانب سے  واقعے کی تحقیقات کے لیے پانچ رکنی تحقیقاتی ٹیم بنائی گئی  ہے،کمیٹی میں ایس پی گلشن، 2 ڈی ایس پیز اور 2 ایس ایچ اوز شامل ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں گلستان جوہر میں گلی سے گزرتی لڑکی پر نوجوان کے جنسی حملےکی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آئی تھی۔

ماسک پہنے ملزم نے لڑکی پر جھپٹنےکی کوشش کی، لڑکی نے مزاحمت کی تو ملزم پیچھے ہٹنے پر مجبور ہوگیا اور فرار ہوگیا۔

فوٹو: اسکرین شاٹ

تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ گلستان جوہر بلاک 4 مغل ہزارہ گوٹھ کے قریب پیش آیا تھا اور یہ واقعہ 3 روز قبل کا ہے، ملزم کی موٹر سائیکل پر نمبر پلیٹ بھی نہیں لگی ہوئی تھی