کام کے دوران پانچ منٹ کا وقفہ کارکردگی میں 50 فیصد اضافہ کرسکتا ہے، تحقیق

سِڈنی: ایک تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ کام کے درمیان دماغ کو پانچ منٹ کا وقفہ دینے سے کارکردگی اور بارآوری میں 50 فی صد سے زائد کا اضافہ ہوسکتا ہے۔

آسٹریلیا کی یونیورسٹی آف سِڈنی میں کیے جانے والے تجربے میں 72 طلبا نے خود سے ایک سبق پڑھا اور دو ذہنی طور پر انتہائی تھکا دینے والے ٹیسٹ دیے۔

وہ طلبا جن کو ان آزمائشوں کے درمیان پانچ منٹ کا وقفہ لینے کی اجازت تھی انہوں نے دوسرے ٹیسٹ میں ان طلبا سے جنہوں نے کوئی وقفہ نہیں لیا تھا، ان سے اوسطاً 57 نمبر زیادہ حاصل کیے۔

وقفہ لینے والے کچھ طلبا نے وقفے کے دوران کچھ نہیں کیا جبکہ دیگر کو قدرتی مناظر کی پُرسکون ویڈیو دِکھائی گئی لیکن دونوں گروہوں نے دوسرے ٹیسٹ میں اپنے ان ساتھیوں سے بہتر کارکردگی دِکھائی جن کو وقفہ نہیں ملا تھا۔

ایجوکیشنل سائیکولوجی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر پال گِنز کا کہنا تھا کہ کمرہ جماعت کی طرح دفاتر میں دماغ کو وقفہ دے کر کارکردگی میں واضح طور پر بہتری لائی جاسکتی ہے، وقفہ لینا صرف سوچنے سمجھنے کے لیے نہیں ہوتا، اس کا مقصد اپنی جذباتی بیٹری کو بھی ری چارج کرنا ہوتا ہے، یہ بارآوری کا ایک آسان طریقہ جو ہر کسی کی رسائی میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ تحقیق جامعہ کے طلبا پر کی گئی تھی، انہیں اس بات کا یقین ہے کہ تحقیق کے نتائج کا اطلاق کم عمر اور بوڑھے افراد پر کیا جاسکتا ہے۔