ژوب کینٹ میں دہشتگردوں کے حملے میں 5 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوگئے، سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد بھی مارے گئے۔
بلوچستان کے علاقے ژوب میں دہشت گردوں نے کینٹ کے علاقے میں حملہ کردیا، واقعے میں 5 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے اچانک حملے کا بھرپور جواب دیا، فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گردوں مارے گئے، فورسز نے علاقے میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن شروع کردیا۔
ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کے حملے میں خاتون سمیت 5 شہری بھی زخمی ہوئے، زخمی اہلکاروں اور شہریوں کو ابتدائی طبی امداد کیلئے سی ایم ایچ ژوب پہنچایا گیا، جہاں سے انہیں علاج کیلئے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔
لیویز تھانے پر دستی بم حملہ
دوسری جانب قلعہ سیف اللہ میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے جنگل پیر علیزئی لیویز تھانہ پر دستی بم سے حملہ کیا، بم تھانے میں کھڑی گاڑی کے قریب گرا جس سے اس کے شیشے ٹوٹ گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
واقعے کے بعد لیویز فورس نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے دہشت گردوں کی تلاش شروع کردی۔
رپورٹ کے مطابق ایک ماہ کے دوران لیویز تھانہ جنگل پیر علیزئی پر یہ دوسرا دستی بم حملہ ہے۔