پاکستان میں ویکسی نیشن سے محروم بچوں کی تعداد بہت زیادہ ہے ڈبلیو ایچ او

اسلام آباد:عالمی ادارہ صحت نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان میں ویکسینیشن سے مکمل طور پر محروم بچوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔

 تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ پاکستان میں ویکسی نیشن کے غلط اعداد و شمار فراہم کئے جاتے ہیں، پاکستان میں ویکسی نیشن سے مکمل محروم بچوں کی تعداد بہت زیادہ ہے، اسے بڑھانے کی ضرورت ہے۔

رپورٹ کے مطابق ویکسی نیشن کم ہونے کی وجوہات میں لوگوں کی بڑی پیمانے پر نقل و حرکت ہے، روز افغان شہریوں سے بھری درجنوں بسیں کراچی بس اڈے پر پہنچتی ہیں، بہتر اقدامات سے پاکستان میں ویکسی نیشن کی شرح 90فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔

ڈاکٹر خالد شفیع نے کہاکہ سندھ میں بریسٹ فیڈنگ پروموشن اینڈ پروٹیکشن بل منظور کر لیا گیا ہے، نیا قانون بچوں کی جان بچانے میں انتہائی معاون ہو گا۔

پروفیسر شہزاد علی نے کہاکہ ویکسی نیشن کی شرح پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے بڑھائی جا سکتی ہے۔ 

وائس چانسلر ہیلتھ سروسز اکیڈمی نے کہا کہ ویکسی نیشن بڑھانے کے لیے نجی اداروں کا تعاون حاصل کر نا ہو گا۔