راولپنڈی، تیز رفتار ڈمپر نے 5 گاڑیوں کو روند ڈالا، 4 افراد جاں بحق،متعدد زخمی 

راولپنڈی:راولپنڈی میں تیزرفتار ڈمپر نے 5 گاڑیوں کو روند ڈالا، حادثے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

افسوسناک حادثہ راولپنڈی میں سواں پل پر پیش آیا جہاں کچہری سے روات کی طرف جانے والے تیز رفتار ڈمپر نے 4 کاروں اور ایک پک اپ کو روند ڈالا، حادثے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جاں بحق ہونیوالوں کی لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ ڈمپر کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا، ڈمپر سیمنٹ کی بوریوں سے لدا ہوا تھا، اترائی پر بریک فیل ہونے کے باعث ڈمپر سڑک پر قطار میں آہستہ رفتار سے جا رہی گاڑیوں پر چڑھ دوڑا۔