پشاور کے علاقے حیات آباد میں خود کش دھماکے کی تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی کا چیسز نمبر پولیس نے حاصل کرلیا۔
ذرائع کے مطابق خود کش حملہ آور کا چہرہ صاف ہے اوراس سے نشاندہی ہوسکتی ہے، حملہ آور کے چہرے کی تصاویر شناخت کیلئے نادرا بھیج دی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایاکہ بارودی مواد گاڑی کی ڈگی میں رکھا گیا تھا، خطرناک قسم کا بارودی مواد استعمال کیا گیا۔
اُدھر بم ڈسپوزل یونٹ نے بھی تحقیقات مکمل کرلی ہیں۔ بم ڈسپوزل یونٹ کے مطابق دھماکے میں 20 سے 25 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا، باروی مواد گاڑی کی سی این جی ٹینکی میں رکھا گیا تھا۔
بم ڈسپوزل یونٹ نے رپورٹ میں کہا ہے کہ دھماکے میں خود کش جیکٹ استعمال نہیں ہوئی۔
پولیس حکام نے دھماکے کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کردی ہے جس میں محکمہ انسداد دہشتگردی، پولیس اور بم ڈسپوزل یونٹ کی ٹیمیں شامل ہیں۔
خیال رہے کہ پشاور کے علاقے حیات آباد فیز 6 میں ایف سی کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا ہے، دھماکے کے نتیجے میں دو گاڑیاں تباہ ہوئیں۔ حملہ آورنے اپنی گاڑی ایف سی کی گاڑی سے ٹکرائی۔
پولیس کے مطابق دھماکے میں 10 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں 7 سکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔