بگوٹا: کولمبیا میں مٹی کے تودے گرنے سے 5 بچوں سمیت 20 افراد ہلاک ہو گئے اور شدید بارشوں کے باعث متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق وسطی کولمبیا میں مٹی کے تودے گرنے کے بعد 9 افراد لاپتہ ہو گئے جن کی تلا ش کے لئے جاری امدادی کارروائیوں میں 400 سے زیادہ فوجی، فائر فائٹرز اور دیگر سرکاری امدادی کارکن حصہ لے رہے ہیں۔
فائر ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ الوارو فارفن نے مٹی کے تودے گرنے سے 20 اموات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرنے والوں میں 5 بچے بھی شامل ہیں۔
کوئٹم میونسپلٹی میں موسلادھار بارشوں کے بعد کئی گھر تباہ ہو گئے اور ایک بڑی تجارتی شاہراہ بند ہو گئی تھی۔ حکام کے مطابق نعشوں کی تلاش کے لئے جاری امدادی کارروائیوں کو خراب موسم کے باعث بار بار روکنا پڑا۔
حکام کے مطابق علاقے میں مزید لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔واضح رہے کہ کولمبیا میں گزشتہ سال مون سون کے دوران سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے 300 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔