پشاور میں 2 کم عمر لڑکیوں کی جھلسی ہوئی لاشیں برآمد

پشاور کے علاقے ریگی میں بجلی کی ٹرانسمیشن لائن کے قریب سے دو کم عمر لڑکیوں کی جھلسی ہوئی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، دونوں لڑکیاں ضلع خیبر سے لاپتہ ہوئیں تھیں۔

پولیس کے مطابق ریگی کے علاقے شاہ گئی آراضیات سے دو لڑکیوں کی جُھلسی ہوئیں لاشیں برآمد ہوئیں، دونوں لڑکیوں کی گُمشدگی کی رپورٹ ضلع خیبر کے تھانہ ملاگوری میں درج ہے۔

پولیس نے لڑکیوں کی ہلاکت کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کرتے ہوئے لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا ہے۔

پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق لڑکیوں کی شناخت مفطمہ اور جویرہ کے نام سے ہوئی ہے جو بالترتیب 18 اور 9 سال کی ہیں۔

خیبر کے تھانہ ملاگوری میں درج ایف آئی آر کے مطابق دونوں ڈاکٹر کے پاس جانے کیلئے گھر سے نکلی تھیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر دونوں لڑکیاں کرنٹ لگنے سے جھلسیں اور ہلاک ہوئیں۔

یہ قتل ہے یا حادثہ، پشاور پولیس نے وجوہات جاننے کے لئے تفتیش شروع کردی ہے۔