شوگر کے علاج کیلئے گائیڈ لائنز جاری

پاکستان اینڈوکرائن سوسائٹی نے شوگر کے علاج کے لیے گائیڈ لائنز جاری کر دیں۔

اس حوالے سے پاکستان اینڈوکرائن سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر ابرار احمد نے کہا ہے کہ شوگر کے یکساں، معیاری اور سستے علاج کے لیے گائیڈ لائنز دی ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ شوگر کے علاج کی گائیڈ لائنز پاکستان کے 35 شہروں میں ایک ساتھ جاری کی ہیں۔

ڈاکٹر ابرار احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان میں نوجوان بڑی تعداد میں شوگر کے مرض میں مبتلا ہو رہے ہیں، زیادہ تر 20 سے 40 سال کے افراد شوگر کی بیماری سے متاثر ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ گائیڈ لائنز سے شوگر کے مریضوں میں اندھا پن اور معذوری روکنے میں مدد ملے گی، پاکستان میں غیر صحت مند غذا اور ورزش سے دوری شوگر کا مرض بڑھنے کی اہم وجوہات ہیں۔

پروفیسر اے ایچ عامر کا کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا میں 75 لاکھ افراد شوگر کے مرض میں مبتلا ہیں، صوبے میں تقریباً 70 لاکھ سے زائد افراد کو شوگر ہونے کا خدشہ ہے۔