بجلی کے بعد گیس کی قیمت میں 45 فیصد سے زائد اضافے کا امکان ہے، حکومت نے آئی ایم ایف کو گیس کے ریٹ بڑھانے کا پلان دے دیا ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے گردشی قرض کم کرنے کے سلسلے میں رواں مالی سال کے لیے نیا پلان مانگ لیا ہے۔ آئی ایم ایف چاہتا ہے کہ وفاقی کابینہ جولائی کے آخر تک گردشی قرض مینجمنٹ پلان 2024 منظور کرے۔
ذرائع کے مطابق گردشی قرض مینجمنٹ پلان 2023 کے ساتھ حکومتی اداروں کی کارکردگی کا مکمل جائزہ نہیں لیا جا سکتا۔ نئے پلان میں گردشی قرض کے 392 ارب روپے ادا کرنے کے لیے اقدامات لیے جائیں گے۔
آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ بجلی کے گردشی قرض کا حجم 2374 ارب روپے پر روکا جائے، پاور ہولڈنگ کمپنی کےقرض کی ادائیگی کے لیے 10 سال کا منصوبہ بنایا جائے۔
ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف کی شرائط ہے کہ رواں مالی سال سے مقامی اور درآمدی گیس کے لیے اوسط قیمت والا ٹیرف اختیار کیا جائے ، اس کے علاوہ سوئی کمپنیوں کے گیس نقصانات کو روکنے کا طریقہ کار تیار کرنے کا بھی کہا ہے۔