لوگوں کی وہ کونسی عام غلطی ہے جو منہ کی بدبو کی وجہ بنتی ہے؟

منہ سے بُو آنا وہ اہم اور عام مسئلہ ہے جس سے ہر دوسرا شخص پریشان ہے، کئی وجوہات ہیں جن کے سبب آپ کے منہ سے ناگوار بو آتی ہے جس کا احساس ناصرف آپ کو خود بلکہ آپ سامنے موجود شخص کو بھی ہوجاتا ہے۔

یہ یقیناً ایک ناگوار چیز ہوتی ہے اور اس کا شکار افراد براہ راست کسی کے سامنے گفتگو بھی نہیں کرسکتے کیونکہ ان کے منہ سے آنے والی بدبو سامنے موجود شخص کے لیے پریشانی کا باعث بن رہی ہوتی ہے۔

اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ منہ سے بدبو کیوں آتی ہے؟ اس کی کئی ساری وجوہات ہیں جن کا یقیناً آپ کو پہلے سے علم ہوگا، ڈاکٹرز کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مسلسل منہ سے بدبو آنے کی وجہ وہ جراثیم ہوتے ہیں جو منہ کے اندر موجود ہوتے ہیں۔

بیکٹیریا انسان کے منہ کے اندر ایسی گیس پیدا کرتے ہیں جس کی وجہ سے منہ سے بدبو آنے لگتی ہے، انسان کچھ بھی کھاتا ہے تو یہ بیکٹیریا منہ میں موجود شکر اور اسٹارچ کو توڑتے ہیں جس کی وجہ سے بدبو آتی ہے۔

ماہرین طب کے مطابق منہ سے بدبو آنا ایک ایسی بیماری ہے جسے سائنسی اصطلاح میں ’ہیلیٹوسس‘ کہتے ہیں۔ 

امریکی ہیلتھ ویب سائٹ پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق لوگ روز مرہ کی زندگی میں ایک ایسی غلطی کررہے ہوتے ہیں جو منہ کی بو کی وجہ بنتی ہے۔

وہ وجہ ہے کہ کچھ مرد حضرات اور خواتین کو دانتوں سے ناخن چبانے کی عادت ہوتی ہے، یہ ان وجوہات میں سے ایک ہے جو منہ میں بدبو کا سبب ہوتے ہیں۔

دانتوں سے ناخن چبانے کی وجہ سے بیکٹیریا مسلسل منہ کے اندر جارہے ہوتے ہیں، اور ناخن چاہے جتنے مرضی صاف ہوں، ان میں نہ دکھنے والے سیکڑوں بیکڑیریاز ہوتے ہیں۔

بدبو سے چھٹکارا حاصل کرنے کے طریقے:

اس بو سے چھٹکارا پانے کے لیے زیادہ سے زیادہ پانی پیئیں، سبز چائے کا استعمال کریں، دار چینی کے تیل یا پھر پھٹکری سے کلیاں کریں۔

اگر اس سے بدبو نہ جائے تو آپ اپنے معالج سے ضرور مشورہ کریں۔