اسلام آباد کی سیشن عدالت نے کمسن گھریلو ملازمہ رضوانہ پر تشدد کیس میں سول جج عاصم حفیظ کی اہلیہ ملزمہ سومیہ عاصم کی ضمانت قبل ازگرفتاری منظور کرلی۔
ایڈیشنل سیشن جج ڈاکٹر عابدہ سجاد کی عدالت میں کمسن گھریلو ملازمہ پر تشدد کیس میں ملزمہ کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
ملزمہ سومیا عاصم کی جانب سے دائر درخواست ضمانت میں مؤقف اختیار کیاگیا کہ رضوانہ اپنے والدین کی مرضی سے میرے گھر میں ملازمہ تھی، ایف آئی آر میں بیان کی گئی کہانی درست نہیں، رضوانہ پر کبھی بھی تشدد نہیں کیا۔
ملزمہ کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا کہ تفتیش میں اپنے مؤقف کو درست ثابت کروں گی، رضوانہ کی عمر 17 سال سے زائد ہے، رضوانہ کے ساتھ اپنے 9 سے 12 سال کے تین بچوں کی طرح ہمیشہ نرمی سے پیش آتی رہی ہوں، حقائق کو توڑ مروڑ کر میرے خلاف استعمال کیا جارہا ہے۔
درخواست کے متن کے مطابق منفی مہم کی متاثرہ ہوں جو میرے اچھی شہرت کے حامل شوہر سول جج کیخلاف چلائی جارہی ہے، پولیس کے سامنے شامل تفتیش ہونے کو تیار ہوں۔
عدالت نے وکلا کے دلائل کے بعد ایک لاکھ روپے مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے سماعت7 اگست تک ملتوی کردی جبکہ ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پرجج فرخ فرید کی عدالت میں پیش ہوں۔
پیشی کے بعد میڈیا کے نمائندوں نے ملزمہ سے سوالات کرنے کی کوشش کی لیکن ملزمہ نے کسی سوال کا جواب نہیں دیا۔