سادگی اور کفایت شعاری

وطن عزیز پاکستان میں سادگی اور کفایت شعاری کادعویٰ باربار کیاگیا مگر اس پر عمل کبھی نہیں ہوا۔ ایسے حالات میں کہ جب نگران حکومت کی آمد آمد ہے تو یہ سادگی اور کفایت شعاری کورواج دینے کا بھی ایک موقع ہے‘ ایسے مواقع پرتجربہ کار سیاستدانوں‘صحافیوں‘ ریٹائرڈ بیورو کریٹ‘ ریٹائرڈ فوجی حکام اور ریٹائرڈ ججوں کی طرف سے جومشورے سننے کوملتے ہیں وہ تین طرح کے مشورے ہیں۔پہلا مشورہ یہ ہے کہ نگران دور کیلئے وزیراعظم ،وزرائے اعلیٰ،اراکین کا اور صوبائی گورنروں کی سرکاری رہائش گاہوں کو خالی کرکے ان سب کو سادہ اور مختصر گھروں میں رہنے کا پابند کیا جائے اگر جرمنی کی چانسلر 5مرلے کے گھر میں رہ کر حکومت کرسکتی ہے توپاکستان جیسے غریب اور مقروض ملک کے حکمران 5مرلے کے سادہ گھروں میں کیوں نہیں رہ سکتے؟یقینی طورپر رہ سکیںگے‘اس عرصے کے دوران گھروں کی سادگی کےساتھ پروٹوکول کی گاڑیوں کو بند کیا جائے سیکورٹی پرمامور پولیس اور ایف سی یا رینجر کے45ہزار اہلکاروں کو امن عامہ بحال کرنے پرلگایا جائے ان کو ایک گاڑی ایک ڈرائیور دیدیاجائے‘اس طرح 25ہزارگاڑیوں کا پیٹرول بچ جائے گا اور ہرماہ حکومت کو سیکورٹی اور پروٹوکول کی مدمیں 35ارب رپے کی بچت ہوگی دوسری تجویز یہ ہے کہ ترقیاتی اُمور ،بجٹ کے استعمال اور ترقیاتی سکیموں کی منظوری میں وزیراعظم ،وزرائ،گورنروں اور وزرائے اعلیٰ کے تمام اختیارات ختم کئے جائیں،جاپان ‘ سنگاپور، چین اور امریکہ کی طرح ترقیاتی کاموں کے تمام اختیارات سرکاری محکموں کودے دئیے جائیں سرکاری محکمے فنی اور تکنیکی امور،بچت کی سہولت اورعوامی ضروریات کودیکھ کرسرکاری وسائل کو سوچ سمجھ کراستعمال کرینگے، مقروض قوم کے سرکاری وسائل کاضیاع نہیں ہوگا ،ترقیاتی اہداف ملکی ضرورت اور عوامی مفاد کوسامنے رکھ کر طے کئے جائینگے‘اس میں سیاسی مداخلت نہیں ہوگی شخصی مفادات کاعمل دخل نہیں ہوگا ، ایک اورتجویز یہ ہے کہ سادگی اور کفایت شعاری کوحقیقی معنوں میں اپنانے کےلئے سرکاری ملازمین کی تبدیلی اور پوسٹنگ کے عمل میں وزیراعظم ،گورنر اور وزرائے اعلیٰ سے لیکر وزیروں اور ارکان اسمبلی تک سیاستدانوں کے اختیارات ختم کرکے قانونی مدت پرعمل درآمد کویقینی بنایاجائے‘ایک آفیسر یانوکر کسی سٹیشن پرتعیناتی کےلئے رکن اسمبلی یاوزیر کی سفارش کا محتاج نہ ہوگا توسادگی اور کفایت شعاری پرعمل درآمد میں آسانی ہوگی۔چونکہ نگران حکومت میں نیک نام اور غیرجانبدار شخصیات کولیا جاتا ہے اس لئے وہ سڑکوں اور گلیوں میں کسی خوف اور خطرے کے بغیر گھوم سکتے ہیں وہ 5مرلے کے مکان میں رہ سکتے ہیں‘اسلئے سادگی اور کفایت شعاری کی ابتداءکےلئے نگران حکومت سب سے بہترین موقع ہے ‘جس سے فائدہ اٹھانا چاہئے اور اس میں کوئی شک نہیں کہ کفایت شعاری اور سادگی کافارمولا کامیاب ہی رہتا ہے اسے بعد ازاں نگران دور انئے کے بعد منتخب حکومت کے دورانئے میں بھی جاری رکھا جاسکتا ہے ۔