سکوائش کے عالمی چمپیئن حمزہ خان کی عمر پر اعتراض مسترد

ورلڈ اسکواش فیڈریشن نے اعلان کیا ہے کہ مصر کی جانب سے پاکستان کے جونیئر عالمی چمپیئن حمزہ کان کی عمر کے حوالے سے کیے گئے دعووں کی ’کوئی بنیاد نہیں‘ ہے اور قومی ایتھلیٹ کو کلین چٹ دے دی۔

پاکستان کے حمزہ خان نے 23 جون 2023 کو مصر کے محمد زکریا کو شکست دے کر ورلڈ جونیئر اسکواش چمپیئن شپ 2023 جیت لی تھی اور 1986 کے بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے قومی کھلاڑی بن گئے تھے۔

آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ میں حمزہ خان نے محمد زکریا کو 1-3 سے شکست دی تھی۔

بعد ازاں مصر کی اسکواش فیڈریشن نے 27 جولائی کو الزام عائد کیا تھا کہ حمزہ خان کی عمر ان کے پاسپورٹ میں درج عمر سے مختلف ہے اور ورلڈ اسکواش فیڈریشن سے اس معاملے کی تحقیق کی درخواست کی تھی۔

بیان میں کہا گیا کہ ’مشاورت میں ایسا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا کہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے 2023 ورلڈ اسکواش فیڈریشن کے ورلڈ جونیئر اسکواش چمپیئن حمزہ خان ان کے آفیشل پاسپورٹ پر درج تفصیلات سے مختلف ہیں‘۔

ورلڈ اسکواش فیڈریشن نے بیان میں کہا کہ یہ بتایا گیا کہ کسی کی عمر کا تعین کرنے کے لیے غلطی کے شائبہ کے بغیر طبی حوالے سے کوئی منظم طریقہ کار نہیں ہے۔

مزید کہا گیا کہ حمزہ خان کئی برس سے باقاعدہ انٹرنیشنل جونیئر ایونٹس میں شرکت کر رہے ہیں اور تاریخ پیدائش وہی ہے جو ہر ٹورنامنٹ میں بتائی گئی ہے۔

ورلڈ اسکواش فیڈریشن نے کہا کہ مصری اسکواش فیڈریشن اور پاکستان اسکواش فیڈریشن کو تحقیقات کے نتائج سے متعلق آگاہ کردیا گیا ہے اور اس معاملے کو ختم کردیا گیا ہے۔