نیویارک: سائنسدانوں نے کہا ہے کہ بالخصوص بزرگ افراد میں سونگھنے کی کمزور حِس سے ڈپریشن اور یاسیت میں مبتلا ہونے کے خطرات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے ماہر نے اس ضمن میں 2000 سے زائد بزرگ افراد کا مطالعہ کیا ہے۔ ان کا اصرار ہے کہ سونگھنے کی حِس کو کسی بھی طرح نظرانداز نہیں کرنا چاہیئے کیونکہ یہ اہک اہم خاصیت ہے جس سے بدن کی عمومی صحت وابستہ ہوتی ہے۔
اس سے قبل ’قوتِ شامہ‘ میں کمی اور الزائیمر کے درمیان تعلق بھی سامنے آچکا ہے جس کے مزید سائنسی ثبوت سامنے آرہے ہیں۔ لیکن اب معلوم ہوا ہے کہ اس سے ڈپریشن بھی لاحق ہوسکتی ہے۔
اس ضمن میں جامعہ نے مسلسل اٹھ برس تک ہزاروں افراد کا جائزہ لیا ہے جس کا خلاصہ یہ ہے کہ اگر ادھیڑ عمری میں سونگھنے کی حِس کمزور پڑنے لگے تو آگے چل کر یا بزرگی میں ڈپریشن کا حملہ تیزترہوسکتا ہے۔ یہ تحقیق جرنل آف گیرنٹولوجی، میڈیکل سائنسِس میں شائع ہوئی ہے۔ ماہرین کا اصرار ہے کہ سونگھنے کی صلاحیت میں کمی یا ’ہائپوسومیا‘ ڈپریشن کا ایک اہم بایومارکر ہے۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن سے وابستہ ڈاکٹر وِدیا کمتھ اور ان کے ساتھیوں نے یہ سروے کیا ہے۔ ان کے مطابق سونگھنے کی کیفیت خراب ہو تو اعصابی دماغی خرابی کو ظاہر کرتی ہے جن میں پارکنسن اور الزائیمر شامل ہیں۔ یہاں تک کہ بعض ماہرین اسے قبل ازوقت موت سےبھی تعبیر کرتے ہیں۔ تاہم اس کا تعلق اب ڈپریشن سے بھی سامنے آیا ہے جس میں اندرونی سوزش اور اکتسابی قوت میں کمی بھی شامل ہے۔
ماہرین نے یہ تحقیق 1997 اور 1998 میں شروع کی تھی جو آٹھ برس تک جاری رہی تھی۔ اس میں 70 سے 73 برس تک کے افراد شامل کئے گئے تھے۔ ہر چھ ماہ بعد ان سے فون پر سوالات کئے جاتے رہے تھے۔ ان میں حرکات کے ٹیسٹ، ڈپریشن کا احوال اور سوچنے اور سیکھنے میں کمزوری (اکستابی کیفیت) معلوم کی گئی تھی۔
1999 میں پہلی مرتبہ ان میں سونگھنے کی قوت کا جائزہ لیا گیا۔ 48 فیصد شرکا میں حسِ شامہ نارمل تھی، 28 فیصد میں یہ قوت کم ہوگئی جس کا طبی نام ہائپوسومیا ہوتا ہے، اور 24 فیصد افراد میں تو بالکل ہی ختم ہوکررہ گئی تھی جسے اینوسومیا کہا جاتا ہے۔ آخرالذکر دونوں گروہوں میں ڈپریشن کے آثار نمودار تھے اور ان کی 25 فیصد تعداد ڈپریشن کی علامات کی شکار تھیں۔
لیکن یہ بھی معلوم ہوا کہ جو افراد ہائپوسومیا کے شکار تھے وہ بھی تیزی سے ڈپریشن کی جانب گامزن تھے۔ اس تحقیق سے معلوم ہوا کہ بالخصوص بزرگ افراد میں سونگھنے کی صلاحیت میں کمی لامحالہ ڈپریشن کی جانب دھکیل سکتی ہے۔