بیماریوں کی درست تشخیص کے ان سے بچاؤ کے لیے صحیح علاج کا انتخاب کرنے میں مدد کے لئے خون کا ایک نیا ٹیسٹ دریافت کیا گیا ہے۔
فی الحال یہ معلوم کرنا مُشکل اور وقت طلب ہوتا ہے کہ بچوں میں بخار کی وجہ کیا ہے یعنی آیا یہ کسی وائرس کی وجہ سے ہے، بیکٹیریل انفیکشن یا کچھ اور۔ حتیٰ کہ بیماری کے لیے کیے جانے والے ٹیسٹ کی رپورٹ آنے میں بھی اکثر کئی دن یا ہفتے لگ جاتے ہیں۔
امپیریل کالج آف لندن کی ایک ٹیم کے مطابق کسی بھی فرد کے خون میں جینیاتی نمونے جانچنے اور مطالعے کے بعد بیماری کی تشخیص میں تیزی لائی جا سکتی ہے۔
تاہم اس نئے ٹیسٹ پر ابھی تحقیق جاری ہے اور یہ کام ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے۔
نو یورپی ممالک میں بخار کے ساتھ ہسپتال آنے والے بچوں پر ایک حالیہ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ 75 فیصد بچوں میں مرض کی تشخیص نہیں ہو سکی۔