پشاور میں جان بچانے والی 40 سے زائد ادویات کی قلت

پشاور  میں جان بچانے والی 40 سے زائد ادویات کی قلت کے باعث مریضوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔

دل، شوگر، بلڈ پریشر،کینسر اور مرگی سمیت کئی بیماریوں کی ادویات پشاور کی مارکیٹوں سے غائب ہیں جس کے باعث شہری پریشانی سے دوچار ہیں تاہم بعض دکانداروں کے پاس ادویات ہیں تاہم وہ بلیک میں فروخت کر رہے ہیں۔

 دوسری جانب پاکستان کیمسٹس اینڈ ڈرگسٹس ایسوسی ایشن نے دواؤں کی عدم دستیابی کا ملبہ دوا ساز کمپنیوں پر ڈال دیا  ہے۔

 ان کا کہنا ہےکہ ادویات میں استعمال ہونے والا مٹیریل مہنگا ہوا ہے ، جس کے باعث کمپنیوں نے فراہمی میں کمی کردی ہے ، دواؤں کی قیمتیں بڑھنے کی وجہ بھی قلت کا باعث ہے۔

خیال رہے کہ ایک سال کے دوران جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں 100سے 200 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔

شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہےکہ جان بچانے والی ادویات کی ذخیرہ اندوزی اور مہنگے داموں ادویات بیچنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔